Live Updates

شہباز شریف کمر کی شدید تکلیف کے باعث نواز شریف سے ملاقات کیلئے نہ جاسکے

(ن) لیگ کے صدر نے پارٹی قائد سے ملاقات کر کے انہیں آزادی مارچ کے حوالے سے سفارشات پیش کرنا تھیں والدہ ، داماد، نواسے سمیت دیگر اہل خانہ اور ذاتی معالج نے ملاقات کی ،جیل کے باہر جمع کارکنوں کے قیادت کے حق میں نعرے موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے، خاتمے کیلئے جے یو آئی (ف) کیساتھ ہیں ‘ نواز شریف کا مولانا فضل الرحمان کوجوابی خط/نجی ٹی وی

جمعرات 10 اکتوبر 2019 17:45

شہباز شریف کمر کی شدید تکلیف کے باعث نواز شریف سے ملاقات کیلئے نہ جاسکے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2019ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کمر کی شدید تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل میں قید اپنے بڑے بھائی اورپارٹی قائد محمد نواز شریف سے ملاقات کیلئے نہ جا سکے، شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کر کے جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے پارٹی کی سفارشات سے آگاہ کرتے ہوئے آئندہ کی رہنمائی حاصل کرنا تھی ۔

ملاقات کیلئے مختص دن کے موقع پر والدہ بیگم شمیم اختر، دامادکیپٹن (ر) محمد صفدر، نواسے جنید صفدر سمیت دیگر اہل خانہ نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور دوپہر کا کھانا ہمراہ کھایا ۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) محمد صفدر نے نواز شریف کو مریم نواز اور یوسف عباس کی احتساب عدالت میں پیشی کے حوالے سے آگاہ کرنے سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کمر میں شدید تکلیف کے باعث آزادی مارچ کے حوالے سے اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد محمد نواز شریف سے ملاقات نہ کرسکے۔ شہباز شریف نے بدھ کے روزاپنی رہائشگاہ پر چار گھنٹے سے زائد وقت تک اجلاس کی صدارت کی جس میں آزادی مارچ کے حوالے سے پارٹی کی سفارشات تیاری کی گئیں لیکن طویل وقت تک بیٹھنے کی وجہ سے شہباز شریف کمر میں شدید تکلیف میں مبتلا ہو گئے جس پر ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے ۔

شریف خاندان کے افراد کی کوٹ لکھپت جیل آمد کے پیش نظر لیگی کارکنان صبح سویرے ہی کوٹ لکھپت کے باہر پہنچ گئے اور اپنی قیاد ت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کا جوابی خط جے یو آئی (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو موصول ہوگیاہے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے خط کے متن میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے، اسکے خاتمے کے لئے (ن) لیگ جے یو آئی (ف) کے موقف کی حمایت کرتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان جے یو آئی کے ساتھ ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات