فجیرہ: منشیات فروش نے گرفتاری کے لیے آئے پولیس اہلکاروں پر کُتا چھوڑ دیا

ملزم کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو چاقو گھونپنے کی کوشش بھی کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 اکتوبر 2019 11:06

فجیرہ: منشیات فروش نے گرفتاری کے لیے آئے پولیس اہلکاروں پر کُتا چھوڑ ..
فجیرہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اکتوبر2019ء) فجیرہ میں مقیم ایک عرب باشندے نے خود کو گرفتار کرنے کے لیے آئے پولیس اہلکاروں پر اپنا کُتا چھوڑ دیا اور اس دوران موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں کی ہوشیاری اور مستعدی کے باعث وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو منشیات رکھنے اور فروخت کرنے کے علاوہ پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کے جُرم میں 13 سال قید کی سزا سُنا دی گئی۔

اس کے علاوہ اُس پر 20 ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ پولیس کو ایک مخبر کی جانب سے اطلاع مِلی تھی کہ ایک خلیجی ملک سے تعلق رکھنے والا شخص منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہے۔ جس کے پولیس اہلکار اُس کے گھر کی تلاشی لینے کی خاطر پہنچے تو ملزم نے تلاشی دینے کی بجائے وہاں موجود اپنے کُتے کوان اہلکاروں پر حملہ کرنے کا اشارہ کیا۔

(جاری ہے)

جس پر اس خونخوار کُتے نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا اور اُنہیں کاٹ کھانے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس اہلکاروں نے کمال ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے اس وحشی جانور کو قابو کر لیا۔ اس دوران موقعے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ملزم وہاں سے فرار ہو گیا مگر پولیس اہلکاروں نے اس کا پیچھا کر کے اسے پکڑ لیا۔ ملزم نے گرفتاری کے وقت ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کر دیا، تاہم اس حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہا اور ملزم کو بالآخر قابو کر لیا گیا۔

جس کے بعد ملزم کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔ جبکہ ملزم کا منشیات ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔ ملزم کو عدالت کی جانب سے ابتدائی طور پر 10 سال قید کی سزا دی گئی تھی، تاہم استغاثہ کی جانب سے اس سزا کے خلاف اپیل دائر کی گئی، جس پر اس کی سزا بڑھا کر 13سال کر دی گئی۔