چیئر مین پاکستان تحقیقاتی کونسل برائے آبی وسائل کا پانی کا تجزیہ کرنے والی تمام لیبارٹریوں کی بحالی کیلئے اقدامات کا اعلان

بدھ 16 اکتوبر 2019 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) چیئر مین پاکستان تحقیقاتی کونسل برائے آبی وسائل(پی سی آرڈبلیو آر)ڈاکٹر محمد اشرف نے پانی کا تجزیہ کرنے والی تمام لیبارٹریوں کی بحالی کیلئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کونسل کے تحت کام کرنے والی تمام لیبارٹریوں کو فعال بنانے سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔

بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف نے کہا کہ ملک بھر میں پی سی آرڈبلیو آر کی پانی کا تجزیہ کرنے والی 25لیبارٹریز میں سے اس وقت 18 گزشتہ کئی سالوں سے غیر فعال ہیں جبکہ وہاںکام کرنے والے 200ملازمین کو دیگر محکموں میں بھیجا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی زمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد معیاری اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام لیبارٹریوں کو فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسلام آباد، پشاور،لاہور،ٹنڈوجام اور بہاولپور میں پی سی آرڈبلیو آر کی صرف چھ لیبارٹریان فعال تھیں جبکہ دیگر عرصہ دراز تک غیر فعال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر محکموں سے ملازمین کی واپسی سے ان تمام لیبارٹریز نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی آرڈبلیو آر مائیکرو بائیولوجیکل کٹس،کم لاگت آرسینک ڈیٹیکشن ٹیسٹنگ کٹس تیار اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے کلورینیشن کی پیداوار شروع کی ہے۔