سعودی عرب کا منفرد اقامہ دُنیا بھر کے لوگوں کے لیے پُرکشش آفر بن گیا

سعودی حکام کے مطابق منفرد اقامے کے حصول کے لیے اب تک 27 ممالک کے ہزاروں شہری درخواستیں دے چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 12:29

سعودی عرب کا منفرد اقامہ دُنیا بھر کے لوگوں کے لیے پُرکشش آفر بن گیا
جدہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر2019ء) سعودی حکومت کی جانب سے جولائی کے مہینے میں منفرد اور ممیزہ اقامہ اسکیمز کا اجراء کیا گیا۔ اس حوالے سے منفرد اقامہ مرکز کے ایگزیکٹو چیئرمین بندر العاید نے بتایا ہے کہ منفرد اقامہ دُنیا بھر کے لوگوں کے لیے پُرکشش آفر بن چُکا ہے۔ منفرد اقامے میں ہزاروں لوگ دلچسپی لے رہے ہیں، اس وقت اس نوعیت کے اقامے کے حصول کے لیے 27 ممالک کے ہزاروں شہریوں کی جانب سے درخواستیں دی جا چکی ہیں۔

بندر العاید نے مزید کہا کہ اس اقامے کے اجراء کا مقصد دُنیا بھر سے سرمایہ کاروں اور اعلیٰ دماغی صلاحیتوں کے حامل افراد کو سعودی عرب میں لا کر اُن کے سرمائے اور قابلیتوں و صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانا ہے۔ منفرد اقامے کے لیے درخواستیں دینے والوں میں سعودی عرب سے باہر مقیم لوگ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان درخواستوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

خواہش مندوں میں سرمایہ کار، انجینئرز اور ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔منفرد اقامہ رکھنے والے جب چاہیں مملکت سے باہر آ جا سکتے ہیں۔ اُن پر کسی قسم کی روک ٹوک نہیں ہے۔واضح رہے کہ یہ منفرد اقامہ اُن لوگوں کے لیے ہے جو مالی لحاظ سے مضبوط حیثیت کے حامل ہوں اور سعودی مملکت میں رہائش اختیار کر کے اپنا سرمایہ ایسے شعبوں میں لگانے کے خواہشمند ہوں جس سے حکومت، عوام اور خود سرمایہ کار کو بھی فائدہ پہنچے۔

سعودی حکومت کی جانب سے رہائشی اقاموں کے اجراء کا فیصلہ ملکی معیشت کو سہارا دینے اور تیل پر انحصار کم کرتے ہوئے دیگر شعبوں کو ترقی دینے کی خاطر کیا گیا ہے۔ اس خاص اقامے کے حصول کے لیے ایک الگ ویب سائٹ بھی قائم کر دی گئی ہے جہاں پر جا کر خواہش مند افراد اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :