سرفراز احمد نے پی سی بی کی جانب سے کپتانی چھوڑنے کی پیش کش ٹھکرا دی :بڑا انکشاف

چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے سابق کپتان کو دستبردار ہونیکی آفر کی تھی :ذرائع کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 اکتوبر 2019 14:55

سرفراز احمد نے پی سی بی کی جانب سے کپتانی چھوڑنے کی پیش کش ٹھکرا دی :بڑا ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے کپتانی چھوڑنے کی پیش کش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی آج صبح پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات ہوئی تھی جس میں وسیم خان نے سرفراز احمد کو کپتانی سے دستبردا ر ہونے کی پیش کش کی ،ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے وسیم خان کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے پیش کش کی کہ اگر بورڈ کو ان کی فارم ناقص لگ رہی ہے تو ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سرفراز کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ وہ فارم بحال کرکے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹادیا، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اب دورہ آسٹریلیا کے لیے بھی قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوسکیں گے، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کےلئے اظہر علی کو کپتان بنادیا گیا ہے، سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائےگا تاہم ٹیسٹ میں انکے نائب ممکنہ طور پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے،اظہرعلی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 19-2020 ءکےلئے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔دوسری جانب سرفراز احمد کی خراب پرفارمنس کے باعث انہیں ٹی ٹونٹی کی کپتانی سے بھی ہٹادیا گیا ہے، ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی قیادت بابراعظم کو دی گئی ہے، وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ورلڈکپ تک ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

اس سے قبل ٹی ٹونٹی کی قیادت کے لیے محمد حفیظ اور عماد وسیم کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور پی سی بی نے ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے لیے عماد وسیم کا نام دیا تھا تاہم ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میں کپتانی کی ذمہ داری بابراعظم کو ہی دی جائے۔ٹی ٹونٹی کے نئے کپتان بابراعظم ممکنہ طور پر ون ڈے کے بھی کپتان ہوں گے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، اگلے 6 ماہ تک پاکستانی ٹیم کوئی بھی ون ڈے نہیں کھیلے گی اس لیے زیادہ امکان یہی ہے کہ ٹی ٹونٹی کے کپتان کو ہی ون ڈے کی قیادت بھی دی جائے گی۔