سپریم کورٹ نے دو بھائیوں کے قتل کے مجرم اختر سلیم کی سزا کے خلاف نظر ثانی اپیل مسترد کر دی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:04

سپریم کورٹ نے دو بھائیوں کے قتل کے مجرم اختر سلیم کی سزا کے خلاف نظر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے دو بھائیوں کے قتل کے مجرم اختر سلیم کی سزا کے خلاف نظر ثانی اپیل مسترد کر دی۔ جمعہ کو کیس کی سماعت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بینچ نے کی ۔ دور ان سماعت چیف جسٹس نے کہاکہ اس کیس میں ہم ملزم کو جتنا ریلیف دے سکتے تھے وہ دے چکے ہیں۔وکیل ملزم نے کہاکہ اس کیس میں آیف آئی آر میں اسلحہ کا نام نہیں لکھا گیا۔

چیف جسٹس نے کہاکہ کے پی کے کیسز میں اکثر اسلحے کی جگہ ٹوپک کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ٹوپک کا لفظ فلم انڈسٹریز میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ بدر منیر کا پشتو ڈائیلاگ بھی ہے، ٹوپک زما قانون دا۔چیف جسٹس نے کہاکہ اس کیس میں تین گھنٹے کے اندر پوسٹ ماٹم بھی ہو گیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ اتنے جلدی کوئی جھوٹی کہانی نہیں بنا سکتا۔

وکیل نے کہاکہ اس کیس میں 9 دن کے بعد وجہ قتل سامنے آئی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ یہ بچی کا معاملہ تھا اس طرح کی بات اکثر لوگ سامنے نہیں لاتے۔ یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے مجرم سلیم اختر اور فضل ربی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی،ہائی کورٹ نے دونوں ملزمان کو بری کر دیا تھا۔سپریم کورٹ نے ملزم اختر سلیم کو عمر قید جبکہ ملزم فضل ربی کو بری کر دیا تھا۔ملزم سلیم اختر نے سزا کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کی تھی ۔