ٹرانسپورٹرز مقرر کردہ کرایہ کی وصولی کو یقینی بنائیں، ایس ایس پی ٹریفک

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کہ روٹ پورا نہ کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں، سواریوں سے بدتمیزی اور بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید بہتر بنایا جائے، پی ایس وی گاڑیوں میں خواتین کے لئے مقرر کردہ سیٹ پر مرد حضرات اور گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے پر سخت کارروائی کی جائے،تمام زونل انچارج اپنے اپنے زونز میں کارروائی کو یقینی بنائیں اور عوام کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے کے لئے اسلام آباد ٹریفک پولیس شب و روز ممکنہ اقدامات کر رہی ہے جس کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں کے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے خصوصی سکوا ڈ تشکیل دیئے گئے ہیں اور تمام زونل انچارج ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایسی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید موثر بنایا جائے جو شہریوں کے ساتھ بدتمیزی کے مرتکب ہوں، بغیر روٹ پرمٹ چل رہی ہوں، چھتوں پر سواریاں بٹھانے والی اور خواتین کے لئے مقرر کردہ سیٹ پر مرد حضرات یا گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانا شامل ہیں کاروائی کے لئے سپیشل سکواڈ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات ہیں اور ٹریفک قوانین کے خلاف ورزری کرنے والی پی ایس وی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہاہے کہ ایک سے زائد دفعہ ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے پر گاڑی کا روٹ پرمٹ کینسل کر نے کی سفارش کی جائے گی ،کاروائی کا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے ،شہریوں کی جانب سے زائد کرایہ کے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے ٹرانسپورٹرز کو کرایہ نامہ آویزاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز مقرر کردہ کرایہ کی وصولی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،شہری زائد کرایہ یا دیگر شکایات سے متعلق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915,،،،،0519261992-93پر درج کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :