سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے ایک روز بعد ہی خوشخبری سنا دی گئی

سابق کپتان کو سینٹرل کانٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں ہی رکھنے کا فیصلہ، معاوضے میں بھی کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی

muhammad ali محمد علی اتوار 20 اکتوبر 2019 00:08

سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے ایک روز بعد ہی خوشخبری سنا دی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے ایک روز بعد ہی خوشخبری سنا دی گئی، سابق کپتان کو سینٹرل کانٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں ہی رکھنے کا فیصلہ، معاوضے میں بھی کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سرفراز احمد کپتانی اور ٹیم میں جگہ سے تو ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، تاہم پھر بھی سینٹرل کانٹریکٹ میں ان کی پوزیشن کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ کپتانی سے ہٹائے جانے کے باوجود سرفراز احمد کی کیٹیگری تبدیل نہیں ہوگی اور وہ بابر اعظم اور یاسر شاہ کے ساتھ اے کیٹیگری میں شامل ہیں اور اُس میں برقرار رہیں گے۔

(جاری ہے)

پی سی بی میں سرفراز کی کیٹیگری تبدیل کرنے کا کوئی معاملہ زیر بحث نہیں ہے کیوں کہ وہ تینوں فارمیٹ کی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور تینوں فارمیٹ میں سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کو گزشتہ روز تینوں طرز کی قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ سرفراز احمد کو ناصرف کپتانی سے برطرف کیا گیا، بلکہ انہیں آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ سرفراز احمد کی جگہ بابر اعظم کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان بنا دیا گیا ہے۔