سعودی عرب کی ایک مسجد میں بچوں کے الیکٹرانک کھلونوں کی ویڈیو وائرل

سعودی عوام نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کر ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 اکتوبر 2019 12:01

سعودی عرب کی ایک مسجد میں بچوں کے الیکٹرانک کھلونوں کی ویڈیو وائرل
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر2019ء) سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس نے سعودی صارفین کو مشتعل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں الریاض کی ایک مسجد میں بچے الیکٹرانک کھلونوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ العربیہ نیٹ کے مطابق اس ویڈیو پر عوام نے بہت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

جبکہ سعودی حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ سعودی وزارت مذہبی امور کے ترجمان عبدالعزیز العسکر نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ دارالحکومت الریاض کی ایک مسجد میں بچوں کے کھلونے لائے جانے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس فوٹیج کے سامنے آنے کے بعد مسجد میں کھلونوں کی موجودگی کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

العسکر کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ مسجد ریاض کے جنوب میں واقع ہے۔ جس کی دوسری منزل پر تحفیظ القرآن کے طلباء کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کھلونے لائے گئے تھے۔ مسجدجیسے مقدس مقام پر کھیل تماشے کی چیزیں لائے جانے پر حکومت نے اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان عبدالعزیز العسکر کے مطابق وزارت مذہبی امور نے مساجد کی انتظامیہ اور آئمہ کرام سرکلر جاری کیے گئے ہیں جن میں انہیں عبادت گاہوں کے تقدس کو برقرار رکھنے، عبادت میں سکون اور مقدس مقامات کا احترام برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مساجد کے تقدس کے خلاف ان میں ہونے والی کسی بھی خلاف قانون سرگرمی کا فوری اور سخت نوٹس لیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔