حسین نواز نے نواز شریف کو زہر دیے جانے کا خدشہ ظاہر کردیا

پلیٹیلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے، نوازشریف کے صاحبزادے کا ٹوئٹ کسی کو شبے کا فائدہ نہ دیں، اگر والد کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے

منگل 22 اکتوبر 2019 14:00

حسین نواز نے نواز شریف کو زہر دیے جانے کا خدشہ ظاہر کردیا
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ پلیٹیلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی طبیعت ناساز ہونے پر قومی احتساب بیورو (نیب) دفتر سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ۔سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ رات 8 بجے کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے خون میں پلیٹیلیٹس 16 ہزار کی سطح پر تھے۔

(جاری ہے)

اسی ٹوئٹ کے جواب میں سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ ’پلیٹلیٹس کم ہونے کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے جو ایک یا دوسری صورت میں دیا جا رہا ہو۔اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کسی کو شبے کا فائدہ نہ دیں، اگر والد کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔اس کے بعد حسین نواز نے ایک رپورٹ بھی پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ آج کا نہیں بلکہ بہت عرصے سے طے شدہ طبی معاملہ ہے کہ پلیٹلیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جبکہ وہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔