وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار کی مبینہ بدتمیزی کے معاملے کا نوٹس لے لیا

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:06

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار کی مبینہ بدتمیزی کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے کورٹ آف انکوائری بنانے کی ہدایات دیدی ہیں ۔وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا کہ کورٹ آف انکوائری تین ممبران پر مشتمل ہوگی۔

اس کی صدرات بریگیڈیئر سطح کا افسر کریگا ، ایک رکن ایوی ایشن ڈویژن جبکہ دوسرا اے ایس ایف سے ہوگا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ یہ کمیٹی ذمہ داران کا تعین کرے گی، گواہان سے بیان بھی لیے جائیں گے، کمیٹی اس معاملے میں پاکستان آرمی ایکٹ(پی اے ای) سیکشن اے 78 اور رول 157 سے مدد لے گی۔ریاض سے پشاور آنے والی پی آئی اے کی پرواز موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتار لی گئی تھی، موسم کی خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر پر مسافروں نے احتجاج کیا، ڈیوٹی پر موجود اے ایس ایف اہلکاروں نے احتجاج روکنے کی کوشش کی جس پر لڑائی شروع ہو گئی تھی۔