آن لائن ادائیگی کے پلیٹ فارمز اور ون ونڈو آپریشن نظام کے ذریعے کاروبار شروع کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو چکا ہی ، چیئرمین پی آئی ٹی بی

جمعرات 24 اکتوبر 2019 23:58

لاہور۔24 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2019ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ کی جانب سے محکمہ صنعت کیلئے جنوری 2018 میں وضع کردہ بزنس رجسٹریشن پورٹل نے پاکستان کو کاروبار میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں 28درجے اوپر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے‘ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے ایک جائزہ اجلاس میں بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی گلوبل ڈوئنگ بزنس کی حالیہ درجہ بندی کے مطابق پاکستان 136ویں پوزیشن سے 108ویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ نیا کاروبار شروع کرنے میں پاکستان 58پوائنٹس کی بہتری کیساتھ 130سے 72ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ورلڈ بینک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے چھ کاروباری شعبوں میں بہت زیادہ آسانیاں پیدا کیں جن میں نئے کاروبار کا آغاز‘تعمیراتی اجازت نامے‘ٹیکسوں کی ادائیگی‘بجلی کنکشن کے حصول‘پراپرٹی رجسٹریشن اور سرحد پار تجارت شامل ہیں جبکہ پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ آن لائن ادائیگی کے پلیٹ فارمز اور ون ونڈو آپریشن نظام کے ذریعے کاروبار شروع کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو چکا ہے۔