شکریال اور گرد و نواح میں صحت کارڈز کی تقسیم ، حکومت غربت کے خاتمے کے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے، ساجد علی قریشی

بدھ 6 نومبر 2019 15:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ساجد علی قریشی نے کہا ہے کہ حکومت مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی، بے روزگار نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرضے دینے ، اعلی تعلیم کیلئے سکالرشپس ، مختلف شعبوں میں فنی تربیت کی سستی یا مفت سہولیات اور سرکاری ونجی شعبے میں نوکریوں سمیت غربت کے خاتمے کے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں غریب اور مستحق لوگوں میں صحت کارڈز تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ساجد علی قریشی نے کہا کہ صحت کارڈز کے حامل شہری ہر قسم کے امراض کے علاج معالجے کیلئے مفت سہولیات کے اہل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ وقتی مشکلات ضرور درپیش ہیں مگر آنے والے ماہ و سال میں اس کا فائدہ عوام کو نظر آئے گا۔ ساجد علی قریشی نے تحریک انصاف کے مقامی راہنمائوں کے ہمراہ شکریال اور گرد و نواح میں بسنے والے غریب اور مستحق لوگوں میں صحت کارڈ تقسیم کئے اور کہا کہ انشاء اللہ وہ دن بھی دور نہیں جب بیوائوں ، یتیموں اور مستحق لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء بھی دی جائیں گی اور ان کی کفالت میں حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔