پبلک سیکٹر ہائوسنگ بزنس ماڈل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے‘محمودالرشید

سٹیک ہولڈرز کو ریلیف فراہم کرکے ہائوسنگ سیکٹر کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا‘صوبائی وزیر کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 8 نومبر 2019 16:54

پبلک سیکٹر ہائوسنگ بزنس ماڈل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہاہے کہ پبلک سیکٹر ہائوسنگ بزنس ماڈل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سٹیک ہولڈرز کو ریلیف فراہم کرکے ہائوسنگ سیکٹر کے فروغ کو یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکٹر ہائوسنگ بزنس ماڈل میں بہتری کی سفارشات تیارکرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو شوکت علی، ممبر کالونیز سہیل شہزاد، سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق، رجسٹرار کواپریٹو فیصل ظہور اور قانون ، بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔میاں محمود الرشید نے کہاکہ ہائوسنگ سیکٹر بزنس ماڈل میں بہتری لانے کیلئے متعلقہ محکموں کی مشاورت سے جامع اور قابل عمل سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں اور سٹیک ہولڈرز کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعلقہ قوانین میں مناسب ترامیم کے ذریعے انہیں آسان بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ہائوسنگ مارکیٹ سے وابستہ اشیاء کی لاگت کم کرنے، اربن ری جنریشن، شہروں کی توسیع کے ماسٹر پلان اور سیکٹر سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کو کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے سے متعلقہ متعدد تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیاگیا۔مزیدبراں واسا اور پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز کے متعلقہ معاملات سے متعلق بھی سیرحاصل گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے دوران شہری سہولیات میںعالمی معیار کے مطابق اضافہ کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز بھی زیربحث آئیں جبکہ مختلف محکموں کے ایک جیسے افعال کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کے حوالے سے ایک سب کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اگلے دس دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔