قائد میاں نوا زریف کی صحت پہلے عزیز ، سیاست بعد میں بھی ہو سکتی ہے ‘پرویز ملک

لیگ وضعداروں کی پارٹی کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اڑاتی،ملک پر نالائقوں کا ٹولہ مسلط ہے‘خواجہ عمران

جمعہ 8 نومبر 2019 16:54

قائد میاں نوا زریف کی صحت پہلے عزیز ، سیاست بعد میں بھی ہو سکتی ہے ‘پرویز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ ہمیں اپنے قائد میاں نوا زریف کی صحت پہلے عزیز ہے سیاست بعد میں بھی ہو سکتی ہے، ن لیگ وضعداروں کی جماعت ہے کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اڑاتی،ملک پر نالائقوں کا ٹولہ مسلط ہے ،عوام کی منحوس حکمرانوں کی نحوست سے جلدجان چھوٹ جائے گی،نالائق اور نااہل حکومت کا استعفیٰ ہی غریب عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور مسائل سے نجات دلاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نیب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سید توصیف شاہ، ارکان اسمبلی چوہدری شہباز احمد، میاں مرغوب احمد،غزالی سلیم بٹ،سبنل ، رمضان،رخسانہ کوثر،رمضان صدیق بھٹی، نذیر خان سواتی،میاں طارق، میاں محمود ، مشتا ق مغل کرنل (ر) مبشر جاویدسمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی نیازی نے تو خودکشی کی نہیں لیکن ان کی نالائقی اورمہنگائی کے جبر سے عوام بجلی اور گیس کے بِلوں میں اضافہ کی وجہ سے خودکشی کرنے پہ مجبور ہو گئے ہیں،نیازی کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے عوام خودکشی کرنے پہ مجبور ہو گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، حکومت مخالف آزادی مارچ نے حکمرانوں کی نیندیں آڑا دی ہیں اوران کی صفوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔