کاشتکاروں کو مڈل مین کے استحصال سے بچانے کے اقدامات کا آغاز

ہفتہ 9 نومبر 2019 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کو مڈل مین کے استحصال سے بچانے کے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے کمیشن اور مارکیٹ فیس کی ادائیگی کے بغیر اشیاء فروخت کے لیے صوبہ بھر میں 30 سے زائد منڈیوں میں ’’کسان پلیٹ فارم ‘‘قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ ان خیالات کا اظہاراسپشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ) پنجاب زاہد سلیم گوندل نے ایک اجلاس کے موقع پرکیا۔

انہوںنے بتایا کہ کمیشن و مارکیٹ فیس کی ادائیگی کے بغیربراہ راست صارفین کو اشیاء کی فروخت کے لیے منڈیوں میں خصوصی پلیٹ فارم مہیا کیے جائیں گے ۔مخصوص جگہ/ کسان پلیٹ فارم پر کاشتکاروں کے بیٹھنے اور پینے کیلئے صاف پانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ٹنل فارمنگ کے کاشتکار بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔کاشتکار کسی بھی شکایت کی صورت میں مارکیٹ کمیٹی کے موجودہ عملہ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر زاہد سلیم گوندل نے بتایا کہ وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 21 ارب27 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے پنجاب بھر میں زرعی ماڈل منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔اسی پروگرام کے تحت کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کسان پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔اس سہولت سے کاشتکاروں کو مڈل مین کے استحصال سے بچایا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :