ڈپٹی کمشنر جہلم نے آج بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل ہیڈ کوارٹر اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کا چارج سمبھا ل کر کام کا آغاز کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 9 نومبر 2019 17:21

ڈپٹی کمشنر جہلم نے آج بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل ہیڈ کوارٹر اور ایڈمنسٹریٹر ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2019ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ و حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے آج بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل ہیڈ کوارٹر اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کا چارج سمبھا ل کر کام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ انکے پیش رو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میثم عباس نے عہدہ چھوڑ دیا ہے ۔

نئے بلدیاتی نظام کے تحت ڈپٹی کمشنر بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل ہیڈ کوارٹر اور میونسپل کارپوریشن کے انچارج ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد عاطف بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل اور میونسپل کمیٹی دینہ کا چارج سمبھال لیا ہے ،ا سسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ذوالفقار احمد نے بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل اور میونسپل کمیٹی سوہاوہ کا چارج سمبھال لیا ہے ،اسی طرح تحصیل پنڈ دادنخان میں اسسٹنٹ کمشنر پی ڈی خان احمد فراز بطور ایڈمنسٹریٹر تحصیل کونسل اور میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کام کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ٹاون کمیٹی کیھوڑہ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد عدنان ظفر بطور ایڈمنسٹریٹر ٹاون کمیٹی کھیوڑہ کام کر رہے ہیں،جبکہ ٹاون کمیٹی ڈومیلی کے لئے ایڈمنسٹر کی سیٹ پر تعیناتی کے لئے ڈی سی جہلم محمد سیف انور جپہ نے محکمہ لوکل گورمنٹ کو لیٹر لکھا ہے،اے ڈی ایل جی سوہاوہ ایڈمنسٹریٹر ڈومیلی ٹاون کمیٹی کے طور پر کام کریں گے ۔

ڈپٹی کمشنر جہلم/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت ضلع جہلم کو 10 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں جہلم، دینہ،سوہاوہ، پنڈ دادنخان کے شہری و دیہی علاقے شامل ہیں جبکہ کھیوڑ ہ ،ڈومیلی کو شہری حدود میں شامل کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی، تجاوزات و دیگر ضروری اقدامات میں بہتری لانے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

نئے بلدیاتی نظام کے تحت میونسپل کمیٹی جہلم کو ختم کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کا درجہ دیا گیا ہے ، جبکہ ڈومیلی اور کھیوڑہ کے لئے ٹاؤن کمیٹی تشکیل دی گئے ہے اسی طرح تحصیل سطح پر میونسپل کمیٹیاں کام کریں گے جن کے ایڈمنسٹریٹر اسسٹنٹ کمشنر ہیں اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر میونسپل کارپوریشن و تحصیل کونسل ہیڈ کوارٹرکے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام کریں گے ۔