ہائوسنگ فائونڈیشن سے متعلق کیس ،وکیل نعیم بخاری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر اعتراض اٹھا دیا

منگل 12 نومبر 2019 19:21

ہائوسنگ فائونڈیشن سے متعلق کیس ،وکیل نعیم بخاری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2019ء) سپریم کورٹ میں ہائوسنگ فائونڈیشن سے متعلق کیس میںوکیل نعیم بخاری نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر اعتراض اٹھا دیا سپریم کورٹ میں ہائوسنگ فائونڈیشن سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی تین رکنی بنچ نے کی۔ دور ان سماعت موضع تمہ موریاں متاثرین کے وکیل نعیم بخاری عدالت میں پیش ہوئے ۔

نعیم بخاری نے کہاکہ ہمیں لینڈ شیئرنگ فارمولا قبول نہیں ،ہمیں بینچ کے رکن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر اعتراض ہے۔ انہوںنے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے حق میں سپریم کورٹ بار نے درخواست دائر کر رکھی ہے ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ یہ معاملہ بہت بعد میں پیش آیا جبکہ کیس بہت پہلے شروع ہو گیا تھا ۔ نعیم بخاری نے کہاکہ اس کیس میں نہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں پارٹی تھے نہ ہمیں سنا گیا ۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ ہمیں یہ بتائیں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھیں یا کالعدم کر دیں تو کیا اثرات ہوں گے ۔ نعیم بخاری نے کہاکہ سپریم کورٹ کا حکم جس پر توہین عدالت کا نوٹس جاری ہوا وہ میرے متعلق نہیں ہے ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ آپ سپریم کورٹ کے آڈر سے مطمئن ہیں یا نہیں ہمیں آگاہ کریں ۔ نعیم بخاری نے کہاکہ میں سپریم کورٹ کے آڈر سے مطمئن نہیں ہوں ،میں توہین عدالت میں پارٹی بھی نہیں بن سکتا ہوں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ کیا پھر ہم اس آڈر کو رویو کے لیے بھیج دیں ،پھر اس کے لیے اس بینچ میں دو ججز موجود ہیں جبکہ ایک ریٹائرڈ ہو چکے ہیں ،تو اگر رویو سنا جائے تو دوبارہ بینچ بنے یا نیا بینچ بنایا جائے ہمیں آگاہ کر دیں ۔ صدر سپریم کورٹ بار نے کہاکہ میرے خیال میں یہ بینچ ہی تمام معاملات کو دیکھے ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ ہم اس کیس کو دوبارہ ہائی کورٹ یا رویو کے لیے بھیج سکتے ہیں ۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ ہم اس کیس کا آڈر جاری کر دیں گے۔