ٹونگا میں خسرے کی وباء میں شدت، تمام سکول بند کرنے کا اعلان

جمعرات 14 نومبر 2019 12:52

نوکوئے لوفا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) ٹونگا میں خسرے کی وباء کی روک تھام کے لئے تمام سرکاری پرائمری سکولوں اور کنڈرگارٹنز کو بند کر دیا گیا ہے ۔وزیر تعلیم سیاوسی سوویلینی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ملک میں خسرے کے 200 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور تمام سکول 25 نومبر تک بند رہیں گے تاکہ وہ بچے جنہیں خسرہ لاحق ہے اپنا علاج معالجہ کرا سکیں اوران سے دوسرے بچے محفوظ رہیں۔

(جاری ہے)

ٹونگا کی رگبی لیگ میں آسٹریلیا اور برطانیہ کے خلاف حالیہ کامیابی کے سلسلہ میںہونے والی وکٹری پریڈ جمعہ کے روز شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی ،تاہم شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ ماسک پہن کر پہنچیں جبکہ سکول کے بچوں کی کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات بھی منسوخ کر دی گئی ہے ۔بحرالکاہل میں امریکہ کے زیر انتظام جزیرہ ساموا میں خسرے سے 7 اموات ہوئیں جہاں تمام سکول بند کردیے گئے اور گورنر لولو متالاسی مولیگا نے پبلک ہیلتھ ایمرجینسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹونگا سے آنے والے لوگوں کو خسرہ سے بچائو کا میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔