Live Updates

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزارتوں اور محکمہ جات کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کی رپورٹ وزیرِ اعظم آفس کو پیش کردی گئی،

عمران خان کی تمام وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو عوام کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے نئے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت، رپورٹ میں مختلف وزارتوں اور محکمہ جات کی جانب سے عوامی فلاح بہبود کے حوالے سے اب تک 64 نئے اقدامات کی نشاندہی ، نئے اقدامات وزارتوں اور محکموں کی معمول کی ذمہ داریوں کے علاوہ ہیں رپورٹ کے مطابق 64نئے اقدامات میں سے 35پر عمل درآمد ہو چکا ہے جبکہ 28پر عمل جاری ہے

پیر 18 نومبر 2019 20:24

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزارتوں اور محکمہ جات کی جانب سے عوامی فلاح و ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف وزارتوں اور محکمہ جات کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کی غرض سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کی رپورٹ وزیرِ اعظم آفس کو پیش کردی گئی ہے جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان نے تمام وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے نئے اقدامات تجویز کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات ایسے ہیں جن پر کوئی خرچہ کیے بغیر محض انتظامی اقدامات سے عوام کو سہولت بہم پہنچائی جا سکتی ہے۔رپورٹ میں مختلف وزارتوں اور محکمہ جات کی جانب سے عوامی فلاح بہبود کے حوالے سے اب تک 64 نئے اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نئے اقدامات وزارتوں اور محکموں کی معمول کی ذمہ داریوں کے علاوہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق64 نئے اقدامات میں سے 35پر عمل درآمد ہو چکا ہے جبکہ 28پر عمل جاری ہے۔

ان اقدامات کا مقصد عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اور عام آدمی کی زندگیوں کو آسان بنانا اور ان مسائل کو حل کرنا ہے جن پر ماضی میں کبھی توجہ نہیں دی گئی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے تمام وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے اور انکی فلاح و بہبود کے لئے نئے اقدامات تجویز کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات ایسے ہیں جن پر کوئی خرچہ کیے بغیر محض انتظامی اقدامات سے عوام کو سہولت بہم پہنچائی جا سکتی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ کے ہر اجلاس میں عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے مختلف وزارتوں کی جانب سے نئے اقدامات کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ وزارتِ مواصلات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر ان کے خاندانوں کو بغیرکوئی اضافی معاوضہ ادا کیے بھجوانے کا نظام رائج کیا گیا ہے۔

وزارتِ مواصلات کی جانب سے خصوصی ضروریات کے حامل افراد (معذوری کا شکار)کی موٹرویز تک رسائی اور استعمال کو آسان بنایا گیاہے۔رپورٹ کے مطابق معاشرے کے مختلف افراد اور خصوصاً کسانوں تک موسم کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے وزارتِ اطلاعات کی جانب سے پاکستان ٹیلی ویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کے بارے میں خبروں کے لئے وقت مختص کیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں پھیلے نادرا کے دفاتر میں خواتین کی سہولت کے لئے جمعہ کا روز خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے تاکہ وہ دیگر ایام کے علاوہ جمعہ کے روز بغیر کسی دقت نادرا کے دفاتر سے اپنے کام کرا سکیں۔ معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت کی جانب سے گورننس کے حوالے سے پالیسی تمام کابینہ ممبران کو فراہم کی جا چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزارتِ توانائی کی جانب سے صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک جامع نظام رائج کرایا گیا ہے۔

صارفین 118 کے ٹول فری نمبر پر اپنی شکایات محکمے تک پہنچا کر ان کا ازالہ کرا سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف محکموں میں کلاس فور کی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ہدایات تمام وزارتوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے غیرممالک میں واقع پاکستان کے تمام سفارت خانوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے، اس ضمن میں کیو مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزارتِ ہوابازی کی جانب سے موسم کی معلومات اور اپ ڈیٹ کی فراہمی کے لئے موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔ وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن کی جانب سے تمام ہسپتالوں کے او پی ڈی سیکشن میں خودکار کیو (لائن) مینجمنٹ اور ٹوکن سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے۔ وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی ترقی کیلئے جاپان کی ایجنسی (جائیکا ) کے تعاون سے واٹر ٹرانسمیشن سسٹم کے جائزے کے حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔

وزارت برائے بیرون ملک پاکستانیز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ’’کال سرزمین‘‘ کے نام سے موبائل ایپلیکیشن شروع کی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیشنل انکیوبیشن سنٹر پشاور کی جانب سے کان کنی کے شعبے سے متعلقہ افراد کے لئے سمارٹ ہیلمٹ متعارف کرائے گئے ہیں۔ وزارتِ پارلیمانی امور کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیشنل اسمبلی اور سینٹ میں عام آدمی کے لئے گیلری بنائی جا رہی ہے۔ جس پر کافی حد تک کام کیا جا چکا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات