افرادی قوت اور تکنیکی مہارت میں جدت سے پیداوار و برآمدات میں اضافہ یقینی بنایاجاسکتاہے، ترجمان پٹیا

بدھ 20 نومبر 2019 15:16

افرادی قوت اور تکنیکی مہارت میں جدت سے پیداوار و برآمدات میں اضافہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2019ء) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ روائتی صنعتی انفراسٹرکچر کے تحت ہائی ٹیک جدید مصنوعات تیارنہیں کی جاسکتیںجبکہ افرادی قوت اور تکنیکی مہارت میں جدت سمیت صنعتی فکسچرز میں جدید تکنیک سے بہترین کوالٹی لا کر پیداوار و برآمدات میں اضافہ یقینی بنایاجاسکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں صنعتی انفراسٹرکچر کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں خصوصاً چینی بھائیوں کاتعاون زبردست معاون ثابت ہورہاہے۔ انہوںنے کہاکہ جس طرح چین کی جانب سے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبہ پر برق رفتاری سے کام جاری ہے اگراسی طرح دیگر دوست ممالک بھی پاکستان کی جانب توجہ مرکوز کریں تو پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کے طور پر کاروائی کرتے ہوئے وطن عزیز کی سرزمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کی طویل جدوجہد میں اربو ں ڈالر کانقصان اٹھایاہے مگر عالم اقوام نے وعدوں کے باوجود پاکستان کا اس انداز میں ساتھ نہیں دیاجس طرح دیناچاہیے تھا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہتے ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کو پہنچنے والے معاشی نقصان کاازالہ ممکن ہوسکے۔

انہوںنے کہاکہ دنیابھر کے بڑے سرمایہ کاروں کو چین کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کی بیشتر صنعتوں میں ہلکے اور ناپائیدار انفراسٹرکچر کے باعث اکثر اوقات سنگین حادثات رونما ہوتے ہیں جن میں قیمتی افرادی قوت بھی ضائع ہو تی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ صنعتی انفراسٹرکچر کو معیاری بناتے ہوئے وہاں ہونیوالی ہرقسم کی فٹنگز کو اس انداز میں مکمل کرنا چاہیے کہ اس سے کسی نقصان کااندیشہ نہ رہے۔ انہوںنے کہاکہ مینوفیکچرنگ کے عمل میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بھی یقینی بنانا ہوگی تاکہ برآمدی اہداف کو پورا کیاجا سکے۔