مکہ مکرمہ: سعودی نوجوان نے پاکستانی تارکِ وطن کو قتل کر دیا

نوجوان واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم پولیس نے اس کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 نومبر 2019 13:24

مکہ مکرمہ: سعودی نوجوان نے پاکستانی تارکِ وطن کو قتل کر دیا
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 نومبر 2019ء ) پاکستان سے روزگار کی خاطر سعودی عرب جانے والے کے اہلِ خانہ کو کیا معلوم تھا کہ اُنہیں اب اپنے پیارے کو جیتے جی دیکھنا دوبارہ نصیب نہیں ہوگا۔ پاکستان میں مقیم اہلِ خانہ کو اب اُن کا رشتہ دار لاش کی صورت میں واپس کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق عسیر ریجن میں ایک سعودی نوجوان نے تلخ کلامی کے بعد پاکستانی شہری کو قتل کر دیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔

عسیر ریجن پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سعودی نوجوان اور پاکستانی تارکِ وطن کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ جس کے بعد 20 سالہ سعودی نوجوان گھر گیا اور وہاں سے آتشیں اسلحہ اُٹھا کر لے آیا اور پاکستانی شہری پر گولیاں برسا کر اُسے ہلاک کر دیا اور پھر موقع سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم انویسٹی گیشن ماہرین کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقتول کے حوالے سے تفصیلات اکٹھی کیں تو پتا چلا کہ وہ ایک پاکستانی تارکِ وطن ہے اور اُسے قتل کرنے والا سعودی نوجوان علاقے کا ہی رہائشی ہے۔

قاتل کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اوراُس کے دیگر ممکنہ ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے مگر وہ وہاں پر نہ مِلا۔ جس کے بعد پولیس نے مملکت بھر کے پولیس اسٹیشنز کو ملزم کے بارے میں اطلاع کر دی۔ بالآخر اُسے عسیر ریجن سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم سے قتل کے محرکات اور آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے تفتیش جاری ہے۔ عسیر پولیس کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ اس معاملے میں مقامی اور غیر مقامی کا بالکل لحاظ نہیں رکھا جائے گا۔ سعودی نوجوان کو جُرم ثابت ہونے کی صورت میں اپنے کیے کی سزا بھُگتنا ہو گی۔