سموگ کی ممکنہ صورتحال سے نپٹنے کیلئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کئے گئے ہیں، عاصمہ اعجاز چیمہ

جمعہ نومبر 19:27

سموگ کی ممکنہ صورتحال سے نپٹنے کیلئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے اس موسم میں ممکنہ سموگ کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کی طرف سے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کئے گئے ہیں تاہم سموگ کی صورت میں اس کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ایوب رسرچ کے زیر اہتمام سموگ سے بچائوکے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق منعقدہ آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی۔پرنسپل ڈاکٹر سائرہ خانم،دیگر اساتذہ اور طالبات بھی شریک تھیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سردی کے موسم میں دھند اور دھواں کی آمیزش سے ماحول میں سموگ کی صورتحال انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے جس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی بہترین اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنے خاندانوں کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو جلانے پر پابندی اوردھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کے علاوہ گردوغبار کے تدارک کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں تاہم شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں۔انہوںنے موسمی تغیرات کے نقصانات پر قابو پانے کے لئے حکومت کے صحیح سمت اقدامات اور پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری اور درختوں کی حفاظت سے موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر سموگ کی وجوہات‘ احتیاطی تدابیر اور مثاترین کے لئے علاج معالجے کے بارے میں آگاہ کیاگیا ۔