ایمرٹس ائیرلائن کے طیارے کے قریب آسمانی بجلی گر پڑی

واقعہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ائیرپورٹ پر پیش آیا، اس دوران طیارہ محفوظ رہا

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 نومبر 2019 22:14

ایمرٹس ائیرلائن کے طیارے کے قریب آسمانی بجلی گر پڑی
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر2019ء) ایمرٹس ائیرلائن کے طیارے کے قریب آسمانی بجلی گر پڑی، واقعہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے ائیرپورٹ پر پیش آیا، اس دوران طیارہ محفوظ رہا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایمرٹس ائیرلائن میں شامل دنیا کے سب سے بڑے مسافر طیارے ایئر بس اے 380 کے قریب بجلی گرنے کے مناظر نے ہر شخص کو خوفزدہ کر دیا۔

طیارے کے قریب آسمانی بجلی گرنے کا منظر کیمرا مین نے کیمرے کی آنکھ سے قید کرلیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسمانی بجلی طیارے کے عین سامنے گرتی ہے۔

ویڈیو میں مناظر اتنے واضح ہیں کہ دیکھ کر ہی خوف محسوس ہوتا ہے۔ دور سے دیکھنے سے یوں معلوم ہوتا ہے جیسے بجلی طیارے پر گر پڑی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس تمام تر واقعہ میں طیارہ اور عملے سمیت مسافر محفوظ رہے۔

جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت ائیرپورٹ پر موجود عینی شاہدین کے مطابق دیکھنے میں یہ واقعہ ایک صدمے سے کم نہ تھا، آسمانی بجلی گرنے کا منظر دیکھ کر ہم لوگ ایک دم سکتے میں آگئے کہ شاید کچھ بہت برا ہوگیا ہے۔ تاہم خوش قسمتی سے مسافر طیارہ اور اس میں سوار لوگ محفوظ رہے۔ بتایا گیا ہے جہاں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا، نیوزی لینڈ کی محکمہ موسمیات نے اس جگہ پر گرج چمک کیساتھ تیز بارش کی پہلے ہی پیشگوئی کی ہوئی تھی۔ اس تمام واقعے کے حوالے سے ایمرٹس ائیرلائن کے حکام نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے لیے یہ منظر حیران کن تھا۔ اماراتی طیارہ طوفان تھمنے کا منتظر تھا جب اس کے قریب آسمانی بجلی گر پڑی۔