جعلی فحش ویڈیو وائرل ہونے پر بھارتی ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی دھمکی دے دی

ٹک ٹاک سٹار پریا گپتا عریاں لباس پہنتی تھی جو مجھے پسند نہیں تھا اس لیے کسی اور کی فحش ویڈیو پر پریا کا نام لکھ کر وائرل کردی: ویڈیو اپ لوڈ کرنے والا شخص گرفتار

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 28 نومبر 2019 20:13

جعلی فحش ویڈیو وائرل ہونے پر بھارتی ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی دھمکی ..
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر2019ء) : جعلی فحش ویڈیو وائرل ہونے پر بھارتی ٹک ٹاک اسٹار نے خودکشی کی دھمکی دے دی ہے۔ بھارتی رقاصہ اور ٹک ٹاک سٹار پریا گپتا عرف سونا بابو نے فیس بک پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں انہوں نے ان کے حوالے سے چلنے والی فحش ویڈیو کو جعلی قرار دیا ہے۔ پریا گپتا نے کہا ہے کہ ان کے نام کے ساتھ جعلی فحش ویڈیو چلائی جارہی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ ویڈیو ان کی نہیں ہے لیکن ان کو بدنام کیا جارہا ہے۔ پریا گپتا نے کہا ہے کہ ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹایا جائے، انکے نام کے ساتھ جعلی ویڈیو چلانے والے کو گرفتار کیا جائے ورنہ وہ خودکشی کرلیں گی۔ پریا گپتا کا تعلق بھارتی ریاست راجستھان سے ہے، پریا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ صرف میں ہی نہیں بلکہ سب جانتے ہیں کہ میں ویڈیو میں موجود لڑکی میں نہیں ہوں، مجھے جاننے والے لوگوں نے کہا ہے کہ کوئی مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

میں اس معاملے کی وجہ سے سو نہیں پارہی کیونکہ یہ ویڈیو بڑے پیمانے پر پجھیل گئی ہے اور ہم یہ شناخت نہیں کرسکتے ہیں کہ یہ کس نے کیا ہے۔ میں اپنے اور اپنے اہل خانہ کے لئے روزانہ کی روٹی کمانے کے لئے ویڈیو اور ڈانس کرتی ہوں لیکن اس قسم کی فحش ویڈیو بنا کر لوگوں نے مجھے بدنام کیا ہے۔ اب پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس نے مبینہ طور پر اسکی فیک ویڈیو وائرل کی ہے۔

اس شخص نے کہا ہے کہ اس نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ پریا عریاں لباس پہنتی تھی اور اس بات پر اسے پریا پر غصہ تھا۔ ویڈیو وائرل کرنے والے شخص نے کہا ہے کہ اس نے ایک فحش ویڈیو لی اور اس پر لکھ دیا کہ یہ پریا گپتا کی ویڈیو ہے جو کہ وائرل ہوگئی۔ پریا گپتا نے ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسے سزا نہ دی گئی تو آج جو انکے ساتھ ہوا وہ کل کسی اور کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔