حکومت کا کئی سرکاری ملازمین کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ

اچھی کارگردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے سرکاری ملازمین کو قبل از وقت ریٹائر کیا جائے گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 5 دسمبر 2019 12:45

حکومت کا کئی سرکاری ملازمین کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کارگردگی نہ دکھانے والے سرکاری ملازمین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سول سرونٹس ریٹائرمنٹ رولز 2019ء تیار کر لئے گئے ہیں،سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کی 60 سال کی عمر کا تحفظ ختم ہو گا۔کارگردگی نہ دکھانے والے ملازمین کو قبل از وقت ریٹائر کیا جائے گا۔

ملازمین کو ریٹائر کرنے کئے حوالے سے شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔سرکاری ملازمین کے لیے تین مختلف ریٹائرمنٹ کمیٹیاں بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کمیٹی بنانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔اور گریڈ 17سے 19 تک گریڈ 20 سے 22 کے ملازمین کے لیے بھی ریٹائرمنٹ کمیٹی بنے گی۔

(جاری ہے)

ریٹائرمنٹ کمیٹیاں ریٹائر کرنے کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گی،ریٹائر کیے جانے ملازمین کو پنشن اور گریجیویٹی ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخواہ حکومت نے ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال کا اضافہ کیا تھا۔ابتدا میں سول سرونٹ ایکٹ 1973 میں سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 50 سال مقرر کی گئی تھی جس کے بعد اسے بڑھا کر 60 برس کردیا گیا تھا۔ پاکستان میں اوسط عمر 1973ء میں 55 برس سے بڑھ کر 2018ء میں 63 سال ہوچکی ہے تقریباً 5 ہزار ملازمین ہر سال ریٹائر ہوتے ہیں جبکہ قبل از وقت ریٹائر منٹ کی شرح بھی 50/50 ہے۔

جب کہ دوسری جانب ریٹائرمنٹ کے وقت ملازمین کو فوری طور پر 65 فیصد پنشن کی ادائیگی کا سسٹم متعارف کروایا گیا تھا۔ باقی ماندہ 35 فیصد پنشن مطلوبہ شرائط پوری کرنے کے بعد دی جائے گی۔ ملازمین پنشن کے لیے کسی بھی بینک میں اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔ اس سسٹم کے تحت ملازمین کو پنشن کارڈز جاری کیا جائے گا جو اے ٹی ایم کی طرح کام کرے گا۔ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب میاں شجاع الدین ذکا ء نے اس حوالے سے اپنے دفتر میں پنشن کارڈ کے اجرا کی منعقد کردہ افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنشنرز کے لیے انٹیسپیٹری پنشن اور پنشن کارڈز کا اجرا وفاقی حکومت کا بڑا اہم کارنامہ ہے، جس سے پنشنرز کے مسائل کم ہوں گے۔