امریکی صدر کا مواخذہ:وائٹ ہاﺅس نے دوبارہ کاروائی میں شرکت سے انکار کردیا

صدر ٹرمپ کے خلاف شروع کی گئی کارروائی بے بنیاد ہے ‘شرکت نہیں کریں گے. وکیل وائٹ ہاﺅس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 دسمبر 2019 13:34

امریکی صدر کا مواخذہ:وائٹ ہاﺅس نے دوبارہ کاروائی میں شرکت سے انکار ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر ۔2019ء) وائٹ ہاﺅس نے امریکی ایوانِ نمائندگان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جاری مواخذے کی کارروائی کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے . وائٹ ہاﺅس کے وکیل پیٹ سپلونی نے ایوانِ نمائندگان کی جودیشری کمیٹی کے سربراہ جیرولڈ نیڈلر کو خط لکھا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے خلاف شروع کی گئی کارروائی بے بنیاد ہے لہذٰا آئندہ ہفتے ہونے والی سماعت میں وائٹ ہاﺅس اس میں شامل نہیں ہو گا .

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایواںِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے ایما پر مواخذے کا متن جاری کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ اس سے قبل جوڈیشری کمیٹی نے کسی گواہ کا بیان قلمبند نہیں کیا‘ وائٹ ہاو¿س کے ایک انتظامی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم اس غیر شفاف تحقیقات کا حصہ نہیں بنیں گے کیونکہ اسپیکر نینسی پیلوسی طے شدہ نتائج کے حوالے سے ذہن بنا چکی ہیں لہذٰا ہمیں وہاں گواہان بلانے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا .

البتہ نیڈلر نے وائٹ ہاﺅس کی تنقید پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے عوام اپنے صدر کا جواب سننے کا حق رکھتے ہیں‘قبل زیں ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے ایوانِ نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی کو صدر ٹرمپ کے خلاف الزامات کی چارج شیٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی تھی .اطلاعات کے مطابق جمعرات تک جوڈیشری کمیٹی صدر کے خلاف باقاعدہ الزامات کی دستاویز پر کام مکمل کر لے گی جس کے بعد کرسمس سے قبل ایوانِ نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے ووٹنگ کا امکان ہے .

وائٹ ہاﺅس کے کونسل پیٹ سپلونی نے خط میں مزید کہا کہ ڈیمو کریٹ اراکین اس غیر ضروری کارروائی سے پہلے ہی بہت وقت ضائع کر چکے ہیں لہذٰا مزید الزامات لگا کر وقت ضائع نہ کریں‘انہوں نے صدر ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ایوانِ نمائندگان جلد از جلد اپنی کارروائی مکمل کر کے معاملہ سینیٹ کے حوالے کریں جہاں انہیں شفاف ٹرائل ہونے کا یقین ہے‘خیال رہے کہ امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہے .

ایوانِ نمائندگان کی ہاﺅس جوڈیشری کمیٹی میں شامل ری پبلکنز اراکین کو جمعے تک کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ گواہوں کے نام دیں جس پر ان اراکین نے 8 گواہان کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سابق صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر، صدر ٹرمپ کی یوکرین کے صدر کو کی جانے والی ٹیلی فون کال سامنے لانے والے وسل بلورجبکہ امریکی ایوانِ نمائندگان کی ہاﺅس انٹیلی جنس کمیٹی کے سربراہ ایڈم شیف شامل ہیں .

ری پبلکنز اراکین نے اس سے قبل ہاﺅس انٹیلی جنس کمیٹی میں بھی ان افراد کو بلانے کا کہا تھا البتہ ان کی یہ درخواست مسترد کر دی گئی تھی . مبصرین یہی امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ جوڈیشری کمیٹی بھی ری پبلکنز اراکین کی یہ درخواست مسترد کر دیں گے البتہ جیرولڈ نیڈلر نے ان گواہوں کو بلانے کے حوالے سے ری پبلکنز کی درخواست کا جواب نہیں دیا لیکن ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ مواخذے کی کارروائی میں شامل ہی نہیں ہوئے تو وہ اسے غیر شفاف کیسے کہہ سکتے ہیں .

جوڈیشری کمیٹی نے صدر ٹرمپ کو ایوانِ نمائندگان میں پیش ہو کر گواہی دینے کے لیے جمعے تک کی مہلت دی ہے لیکن اس سے قبل صدر ٹرمپ ہاﺅس انٹیلی جنس کمیٹی میں نہ صرف پیش ہونے سے انکار کرتے رہے ہیں بلکہ انہوں نے وائٹ ہاﺅس کو بھی ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ اس کارروائی میں ایوانِ نمائندگان سے کسی قسم کا تعاون نہ کریں . جوڈیشری کمیٹی صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کے لیے پیر کو سماعت کرے گی کمیٹی مواخذے کی کارروائی کے متن منظور کرانے کے بعد اسے ووٹنگ کے لیے ایوانِ نمائندگان میں پیش کرے گی .

ایوانِ نمائندگان نے اگر کثرت رائے سے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی تو یہ معاملہ امریکی سینیٹ میں بھجوایا جائے گا جہاں کے اکثریتی ری پبلکن اراکین سینیٹ صدر ٹرمپ کو عہدے سے نہ ہٹانے کا عندیہ دے چکے ہیں .