سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تقریب کل وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داود کی زیر صدارت ہوگی

پیر 9 دسمبر 2019 12:52

سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام تقریب کل وزیر اعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2019ء) پاکستان میں 35 ویں سارک چارٹر ڈے کی مناسبت سے سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داود کی زیر صدارت ایک تقریب کل منگل کو ہوگی۔ سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک خطبہ استقبالیہ دیں گے جبکہ ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی، ممتاز تاجر رہنما اور ممبر ممالک کے معروف تاجر نمائندے بھی خطاب کریں گے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق سارک ممالک کے رہنماء، سفیر و ہائی کمشنرز ، سارک اداروں کے نمائندے بھی سارک تنظیم کے اہداف اور اہداف سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کریں گے۔ 8 دسمبر 1985 کو ڈھاکہ میں منعقدہ پہلے سارک سربراہ اجلاس میں سات جنوبی ایشیائی ممالک مالدیپ ، بھارت ، بھوٹان ، پاکستان ، نیپال ، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے رہنماو ٴں نے جنوبی ایشیائی تعاون تنظیم (سارک) کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت سے ہر سال سارک چارٹر ڈے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر تمام ممبر ممالک میں خصوصی یادگاری تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ دنیا کے تیز رفتار معاشی ترقی والے خطے کے ممالک کی نمائندہ تنظیم کی حیثیت سے، سارک جنوبی ایشیائی عوام اور حکومتوں کی خطے میں مساوات، علاقائی سالمیت، امن ، استحکام ، اتحاد اور ترقی کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کی خواہش کا مظہر ہے۔

جنوبی ایشیا کو دہشت گردی ، آلودگی ، غربت ، بے روزگاری ، غیر منظم شہری آبادکاری ، مہاجرین ، سیاسی عدم استحکام ، بدعنوانی اور متعدی و غیر متعدی امراض جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ 35 فیصد نوجوان آبادی کے ساتھ یہ خطہ اکیسویں صدی کی بڑی ورک فورس ہے جب کہ باقی دنیا میں عمر رسیدہ آبادی کی تعداد زیادہ ہے۔ لہذا ممبر ممالک کے مابین اچھے تعاون سے یہ خطہ مستقبل قریب میں ایک مضبوط معیشت اور بہتر معاشرے کی عملی تصویر ثابت ہو سکتا ہے۔