20 ہزار فوجی یورپ میں ’’ڈیفنڈر یورپ20 ‘‘مشقوں میں حصہ لیں گے،

25 سال میں پہلی بار امریکہ کی یورپ میں بڑی فوجی تعیناتی ہو گی

منگل 10 دسمبر 2019 13:38

20 ہزار فوجی یورپ میں ’’ڈیفنڈر یورپ20 ‘‘مشقوں میں حصہ لیں گے،
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) امریکی فوج نے گزشتہ 25 سال میں پہلی مرتبہ یورپ میں اپنی سب سے بڑی فوجی تعیناتی کی تیاریاں شروع کر دیں، روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے مخالفانہ تعلقات کے تناظر میں ایک وقت میں 20 ہزار امریکی فوجی یورپ میں بڑی فورس پروجیکشن مشقوں ’’ڈیفنڈر یورپ20 ‘‘ میں حصہ لیں گے۔ یورپ میں امریکی زمینی فوج کے کمانڈر جنرل کرسٹوفر کوولی نے کہا کہ اگلے سال 20 ہزار امریکی فوجی یورپ میں تعینات کیئے جائیں گے جہاں وہ پہلے سے موجود 9000 دیگر امریکی فوجیوں میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے پینٹاگون میںمیڈیاکو بتایا کہ اس کے بعد مئی سے جون کے درمیان تقریبا 37 ہزار امریکی فوجی 10 یورپی ممالک میں ہونے والی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ن انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے امریکی فورسز کی روانگی فروری 2020 سے کر دی جائیگی ، ٹینک ، توپخانے اور نقل و حمل کی گاڑیاں سمیت 13000 آلات و سامان کو 2500 میل (4000 کلومیٹر) کے فاصلے پر منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس فوجی سازوسامان میں 70,70 ٹن وزنی ابراہام ٹینکس بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ 2014میںروس کے کریمیا کے ساتھ اتحاد نے تمام منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے اور ان مشقوں سے یہ بتانا مقصود ہے کہ امریکہ کی فوج نیٹو کی معاونت میں کس قدر سُرعت کے ساتھ یورپ میں کہیں بھی تعینات کی جا سکتی ہیں۔