کاشتکار اپنی فصلوں کو کورے سے بچانے کیلئے انتظامات کریں، محکمہ زراعت

بدھ 11 دسمبر 2019 16:26

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار اپنی فصلوں کو کورے کے اثرات سے بچانے کیلئے انتظامات کریں۔ صاف دن، ساکت ہوا اور خشک سردی کورے کے خدشات میں اضافہ کر دیتے ہیں لہذا دسمبر کا دوسرا اور جنوری کا پہلا پندرھرواڑہ کورے کے حوالے سے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے اور چھوٹے باغات خصوصاً آم کے پودوں کو کورے کی وجہ سے جلنے کا خطرہ موجود رہتا ہے اس لئے ان پودوں کو فوری طور پر ڈھانپ دیں، ٹہنیوں اور سرکنڈے سے پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جا سکتا ہے، بعض کاشتکار پودوں کو ڈھانپنے کیلئے کھاد والی پلاسٹک کی بوریاں استعمال کرتے ہیں ایسی صورت میں ان بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور دن میں دھوپ کی صورت میں بوری اتار دی جائے، بڑے اور چھوٹے باغات کی فوری آبپاشی کریں اور پودوں کے تنوں کے ساتھ بورڈوں پیسٹ مکسچر لگائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شدید سردی اور کورے سے کماد اور بینگن کی فصلیں بھی متاثر ہوتی ہیں اور ان کے جلنے کے امکانات ہوتے ہیں ان کے بچاؤ کیلئے کاشتکار ہلکی آبپاشی کریں اور کھیتوں کے نزدیک بعد ازسہ پہر دھواں کیا جائے، پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ بے موسمی سبزیاں بھی سردی اور کورے سے متاثر ہوتی ہیں اس لئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ دونوں طرف سے بند کردیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کیلئے موزوں رہے اور دن کے وقت ٹنل کا منہ کھلا چھوڑ دیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور فصل جلنے سے محفوظ رہے۔

متعلقہ عنوان :