نیب میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے

ترجمان نوازش علی عاصم کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 11 دسمبر 2019 23:33

نیب میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے
اسلام آباد( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 11 دسمبر2019۰)  : نیب میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلےکر دیےگئے۔نیب کے ترجمان کو 3 سال کی توسیع دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس  ہوا جس میں عبدالحمید مینگل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب کراچی بریگیڈیئر (ر) ناصر فاروق اعوان کا پشاور تبادلہ ہو گیا جبکہ ان کی جگہ ڈی جی نیب نجف قلی مرزا کو تعینات کردیا گیا ہے۔ نجف قلی مرزا اس سے قبل نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں تعینات تھے جبکہ ڈی جی نیب پشاور فیاض احمد قریشی کا تبادلہ اسلام آباد کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان نیب نوازش علی عاصم کی مدت ملازمت میں بھی 3 سال کی توسیع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق نوازش علی عاصم کو نیب میں ڈیپوٹیشن بنیادوں پر 3 سال کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے معاملے پرایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے 7 رکنی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے سربراہ ایڈیشل ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر نجف قلی مرزا تھے۔ اِس وقت کراچی نیب میں کئی اہم کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جبکہ کئی کیسز کی انکوائریاں ہو رہی ہیں۔