کسان اپنی فصلوں کو بر وقت مارکیٹ پہنچا کر بہتر منافع حاصل کر رہے ہیں،کمشنر ساہیوال

بدھ 1 جنوری 2020 17:40

ساہیوال۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2020ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ ذرائع آمدورفت میں بہتری اور فارم سے مارکیٹ تک سڑکوں کی تعمیر سے عوام کی آسانیوں میں اضافہ ہوا ہے اور کسان اپنی فصلوں کو بر وقت مارکیٹ پہنچا کر بہتر منافع حاصل کر رہے ہیں ۔صوبائی حکومت ساہیوال ڈویژن کے تمام دیہاتوں کو سڑکوں کے ایک مربوط نیٹ ورک سے شہروں سے ملانے کے بڑے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس سے دیہی عوام کی خوشحالی میں بھی اضافہ ہو گا ۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈویژن میں جاری محکمہ ہائی وے کی ترقیاتی سکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی،جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ انیس الرحمن‘ایڈیشنل کمشنر ایس ڈی خالد ‘ایس ای ہائی وے محمد اقبال یاور‘ایکسین ساہیوال محمد رمضان‘ایکسین ایم اینڈ آر غلام رسول اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عمران خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر نے جاری تمام سکیموں کا فرداً فرداً جائزہ لیا اور فراہم کئے جانے والے فنڈز کے استعمال بارے بریفنگ لی۔

انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں تاکہ عوام زیادہ عرصے تک ان سڑکات سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ایس اے ہائی وے محمد اقبال یاور نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں 13 ارب 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے سڑکوں کی تعمیر کے 58 منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں ایک ارب 14کروڑ روپے کی لاگت سے دیہات کیلئے سڑکوں کی تعمیر کے 11منصوبے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ساہیوال شہر میں تیسرے اوور ہیڈ جھال روڈ برج کی تعمیر شروع ہو چکی ہے جس پر 61کروڑ32لاکھ روپے خرچ ہونگے جبکہ ساہیوال بائی پاس کے پہلے مرحلے پر سرور چوک سے ہڑپہ روڈ تک سڑ ک کی تعمیر جاری ہے جس پر21کروڑ65لاکھ روپے لاگت آئیگی تاہم لینڈ ایکوزیشن کے ایک کروڑ30لاکھ روپے کی عدم دستیابی کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔ اسی طرح اوکاڑہ فلائی اوور کیلئے 7کروڑ20لاکھ روپے درکار ہیں تاکہ اس کا باقی کام مکمل کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :