قطری وزیر خارجہ ہنگامہ دورہ ایران کے سلسلے میں تہران پہنچ گئے

محمد بن عبدالرحمن الثانی اپنے وفد کے ہمراہ ایران پہنچے ہیں، کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 جنوری 2020 21:27

قطری وزیر خارجہ ہنگامہ دورہ ایران کے سلسلے میں تہران پہنچ گئے
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جنوری2020ء) قطری وزیر خارجہ ہنگامہ دورہ ایران کے سلسلے میں تہران پہنچ گئے، محمد بن عبدالرحمن الثانی اپنے وفد کے ہمراہ ایران پہنچے ہیں، کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کی کوششیں۔ تفصیلات کے مطابق قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن الثانی ایران پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی ہے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن الثانی اپنے وفد کے ہمراہ ایران پہنچے ہیں۔ قطری وزیر خارجہ اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان 2 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ جبکہ قطری وزیر خارجہ ایرانی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ تاہم دورے کے حوالے سے قطری حکام کی طرف سے بھی ابھی تک کوئی بات سامنے نہیں آئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چینی وزیر خارجہ نے بھی اپنے ایرانی ہم منصب کو ٹیلیفون کیا ہے اور کہا کہ امریکا طاقت کے ناجائز استعمال سے بعض رہے، امریکا کو مسائل کا حل با ت چیت کے ذریعہ تلاش کرنا چاہیے، امریکا کے فوجی آپریشن عالمی معمولات کی خلاف ورزی ہے، امریکی آپریشنز کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔

جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے ایک امریکی حملے میں ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز کہا ہے کہ دنیا ایک اور خلیج جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔گوٹیرس کے ایک ترجمان نے بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل خلیج میں تنائو کی شدت میں کمی لانے پر زور دیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ وہ لمحہ ہے جس میں رہنمائوں کو زیادہ سے زیادہ برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، دنیا خلیج میں ایک اور جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔ واضح رہے کہ امریکہ نے جمعہ کی علی الصبح اعلان کیا کہ اس نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک حملے میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا ہے ۔