ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی پر ہراساں کرنے کا الزام لگادیا

اسپیکر نینسی پلوسی نے کانگریس میں نئی قرارداد لاکر مجھے ہراساں کیا، امریکی صدر کا دعویٰ

Ahmad Tariq احمد طارق جمعرات 9 جنوری 2020 23:42

ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی پر ہراساں کرنے کا الزام ..
واشگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری2020ء)   امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی پر ہراساں کرنے کا الزام لگادیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسپیکر نینسی پلوسی کو پاگل قرار دیدیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اسپیکر نینسی پلوسی کی ایران جنگ سے متعلق قرارداد ناکام ہوجائے گی۔

انہوں نے پلوسی پر الزام لگایا کہ انہوں نے ابھی تک قرارداد کی کاپی بھی سینیٹ میں جمع نہیں کروائی، یہ جمہوریت کی خلاف ورزی ہے، یقینی طور پر یہ قرارداد منظور نہیں ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس قرارداد کا مطلب یہ ہے کہ مجھے کانگریس کی اسپیکر نے ہراساں کیا ہے۔

(جاری ہے)

 

واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر ایران کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو بغداد ایئرپورٹ پر ڈرون حملوں سے مار دیا گیا تھا۔

اس حملے کو نہ صرف دنیا بھر سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا بلکہ امریکہ میں بھی اس حملے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حوالے سے کانگریس نے بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے ہم سے پوچھے بغیر اور ہماری مشاورت کیے بغیر ایران پر حملہ کردیا جو نا قابل برداشت ہے، جس پر امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے فیصلہ کیا کہ ایک ایسی قرارداد لائی جائے گی جس میں یہ واضح طور پر درج ہوگا کہ آئندہ کسی بھی حکم سے قبل کانگریس کو بتانا اور اس کی اجازت لینا لازمی ہوگی۔ دوسری جانب قرارداد پر ووٹنگ آج ہوگی، جس سے قبل امریکی صدر نے بھی شدید ردعمل دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے نینسی پلوسی کو نہ صرف پاگل کہا بلکہ دعویٰ کیا کہ پلوسی نے اس اقدام سے انہیں ہراساں کیا۔