ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران کے سبزی و فروٹ منڈیوں کے دورے

جمعہ 10 جنوری 2020 18:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2020ء) پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران نے سبزی و فروٹ منڈیوں کے دورے کیے۔ ڈی سی لاہور دانش افضال کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے دورے کیے۔اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشیدنے رائیونڈ فروٹ و سبزی منڈی، اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری نے ملتان روڈ فروٹ و سبزی منڈی اور اسسٹنٹ کمشنر مرضیہ سلیم نے بادامی باغ فروٹ و سبزی منڈی کا دورہ کیا۔

افسران نے سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل، اشیاء ضروریہ کی فراہمی، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد اور دیگر امور کو چیک کیا۔انہوں نے منڈیوں میں تعینات ملازمین کی حاضری کو چیک کیا۔ انہوں نے نیلامی شیٹس اور شکایات رجسٹر کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

منڈیوں میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی اور معیار کو چیک کیا گیا اورمنڈیوں میں کسان پلیٹ فارم کا بھی جائزہ لیا۔

کسان پلیٹ فارم پر سبزیوں اور پھلوں کی مقدار کو چیک کیا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ افسران کسان پلیٹ فارم فعال ہیں اور کسان اپنی مرضی سے پھل اور سبزیوں کی فروخت کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو چیک کیا ۔انہوں نے منڈی انتظامیہ کو صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے منڈیوں میں موجود کوڑا کرکٹ اور گندگی کو فوری طور پر صاف کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ منڈ یوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے تا کہ خریداری پر آئے ہوئے صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔