برج خلیفہ سے آسمانی بجلی ٹکرانے کا منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا گیا

ہفتے کے روز دبئی میں موسم غیر متوقع طور پر بگڑ گیا، مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے اور دبئی ائیرپورٹ پانی میں ڈوب گئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 جنوری 2020 22:53

برج خلیفہ سے آسمانی بجلی ٹکرانے کا منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا ..
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جنوری 2020) برج خلیفہ سے آسمانی بجلی ٹکرانے کا منظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا گیا، ہفتے کے روز دبئی میں موسم غیر متوقع طور پر بگڑ گیا، مسلسل موسلادھار بارش کے باعث شہر کے بیشتر علاقے اور دبئی ائیرپورٹ پانی میں ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز دبئی میں ہونے والی اچانک اور موسلادھار بارش سے شہر کا موسم سرد ہو گیا۔

جہاں شہر میں دن کے وقت مسلسل اور موسلادھار بارش سے نظام زندگی بری طرح درہم برہم ہوا، وہیں شام کے وقت بارش کے موسم کی وجہ سے چند دلکش اور ورطہ حیرت میں مبتلا کر دینے والے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ دبئی کے ولی عہد کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی گئی جسے دیکھنے والا ہر شخص ورطہ حیرت میں مبتلا ہوئے بنا نہ رہ پایا۔

(جاری ہے)

دبئی کے ولی عہد نے دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت برج خلیفہ کی چھت پر آسمانی بجلی ٹکرانے کا منظر اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔
دوسری جانب دبئی کے محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح کو شہر میں غیر متوقع بارش کا آغاز ہوا جس کا سلسلہ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران صرف ایک گھنٹے میں ہی 150 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

غیر متوقع اور موسلادھار بارش کے باعث دبئی کے اکثر علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ جبکہ دبئی ائیرپورٹ کا رن وے بھی پانی میں ڈوب گیا جس کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہوگیا۔ دبئی کے محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی مزید بارش ہونے اور موسم سرد رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔