پاکستانی قیادت کا سعودی عرب اور ایران کا ہنگامی دورہ کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اتوار کے روز دونوں ممالک کا دورہ کریں گے

اتوار 12 جنوری 2020 00:27

پاکستانی قیادت کا سعودی عرب اور ایران کا ہنگامی دورہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اتوار سے ایران اور سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق ایران میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں وقوع پذیر صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 13جنوری کو ریاض جائیں گے جہاں وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے اور ان سے علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر مشاورت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ رونما ہونے والے واقعات سے پہلے سے نازک صورت حال سے دوچار خطے میں امن و سلامتی خطرے میں ہے اور پرامن انداز میں اس کے حل کے لیے فوری اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان دوروں کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نگاہ سے آگاہ کریں گیاور تنازعہ سے بچاؤ کی ضرورت پر زور دیں گے اور کشیدگی میں کمی کے ساتھ سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ وزیر خارجہ اختلافات کے حل میں سہولت کاری اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے اختلافات اور تنازعات کے حل میں سہولت کاری کے لئے پاکستان کی آمادگی سے بھی آگاہ کریں گے۔