بارانی زرعی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی طلباء کے لئے ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 15 جنوری 2020 17:44

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجوںسے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق معیار تعلیم اور تحقیق کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی طلباء کے لئے پیشہ وارانہ ترقیاتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد شعبہ ایڈوانسڈ اسڈیز نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مسائل پر روشنی ڈالی اور معیاری تعلیم و تحقیق کے لئے کیے جانے والے اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ وائس چانسلر نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ تحقیق کے لئے طلباء کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کریں تا کہ پاکستان کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکے اور یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے یقین دلایا کہ معیاری تعلیم و تحقیق کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ورکشاپ سے ڈائریکٹر ایڈوانسڈ سڈیز ڈاکٹر محمد اعظم، ڈین شعبہ زراعت ڈاکٹر فیاض الحسن ساہی اور ڈائریکٹر کوالٹی سیل ڈاکٹر ریاض احمد نے بھی خطاب کیا اور طلباء سے کہا کہ کوئی قوم معیاری تعلیم و تحقیق کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔