خصوصی اکنامک زونز میں سیف سٹی کی طرز پر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے گا ، چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق

جمعہ 17 جنوری 2020 14:39

خصوصی اکنامک زونز میں سیف سٹی کی طرز پر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے فیڈمک کے خصوصی اقتصادی زونز کی سکیورٹی کے لئے ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ فیڈمک کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں دو جبکہ ویلیو ایڈیشن سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایک ایک پولیس چوکی بھی قائم کی جائے گی۔

ماڈل پولیس اسٹیشن کے لئے انگریزی زبان میں مہارت رکھنے والا اعلی تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا۔ پولیس اسٹیشن کے انتظامی اخراجات میں فیڈمک تعاون کرے گا۔ سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اکنامک زونز کی باونڈری وال مکمل کر کے اس پر خاردار تار لگا نے کے ساتھ ساتھ سرچ لائٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اکنامک زونز میں سیف سٹی کی طرز پر مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا جائے گا جو پولیس کے مرکزی سسٹم سے لنک ہو گا۔

علاوہ ازیں اکنامک زونز میں ملازمت کرنے والے افراد کی سکریننگ کے لئے ماڈل پولیس اسٹیشن میں ایک سروس سنٹر بھی قائم کیا جائے گا جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی جرائم پیشہ شخص یا کریمنل ریکارڈ کا حامل شخص یہاں ملازمت حاصل نہ کر سکے۔