بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ان دیکھے دبا کی وجہ سے دورہ پاکستان تین مرحلوں میں کرنیکا فیصلہ کیا، شعیب اختر

جمعہ 17 جنوری 2020 22:01

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ان دیکھے دبا کی وجہ سے دورہ پاکستان تین مرحلوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بالر شعیب اختر نے دعوی کیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ان دیکھے دبا کی وجہ سے دورہ پاکستان تین مرحلوں میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شعیب اختر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اس بات پر کریڈٹ دینا چاہئے کیونکہ یہ ان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے کہ ملک میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔

میں لوگوں سے گزارش کروں گا کہ وہ بنگلہ دیش کیخلاف کوئی غلط بات نہ کریں کیونکہ وہ یہ سب کچھ بہت سے ان دیکھے دبا کے تحت کر رہے ہیں لیکن میں سر عام اس دبا کے بارے میں بات نہیں کر سکتا۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بی سی بی کو سیاسی معاملات اور پریشر گروپس سے بھی نمٹنا تھا لیکن ایشیاکپ کی میزبانی سے دستبردار ہونے سے متعلق باتیں بلاوجہ ہیں۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بہت سی افواہیں پھیلی تھیں اور بہت سے لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ بنگلہ دیش نے اپنے مطالبات پورے کر لئے ہیں جبکہ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایشیاکپ کی میزبانی کے بدلے بنگلہ دیشی ٹیم کا دورہ پاکستان قبول کیا ہے۔ حالانکہ یہ ڈیل اس صورت میں تو ہو سکتی تھی کہ ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے بجائے بنگلہ دیش کے پاس ہوتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت محفوظ ملک ہے جہاں بہترین سیکیورٹی فراہم کی جاتی ہے جبکہ بہت سے کرکٹرز بھی انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں لیکن تین مرحلوں میں دورہ پاکستان میری سمجھ میں آتا ہے، کم از کم بنگلہ دیشی ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آ تو رہی ہے، البتہ اس سے دنیا کو کوئی مثبت پیغام نہیں جائے گا۔