عدالت کا اینکر پرسن مبشر لقمان کو گرفتار کرنے کا حکم

اینکر پرسن کو گرفتار کرکے22جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔ جج سکندر خان نے ایس ایچ او کو وارننگ دے دی

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 18 جنوری 2020 10:47

عدالت کا اینکر پرسن مبشر لقمان کو گرفتار کرنے کا حکم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 18 جنوری2020ء) عدالت نے اینکر پرسن مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج سکندر خان نے سابق وزیر دانیال عزیز کے والد انور عزیز کی اپیل پر مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔سابق وزیر دانیال عزیز کے والد انور عزیز نے مبشر لقمان پرمبینہ بہتان تراشی پر اپیل دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مبشر لقمان کی جانب سے  ذاتی زندگی پر غلط ریمارکس دیئے گئے۔ عدالت نے  مبشر لقمان کے ساتھ ساتھ ضمانتی شخص ریحان کو بھی گرفتار کرنے کاحکم دے دیا۔ یہ بات بھی قابل غور رہے کہ ضمانتی بھی کیس کی مسلسل تین سماعت سے غیر حاضر تھا ۔ کیس کی سماعت میں مبشر لقمان حاضر ہوتے رہے تاہم تین مسلسل غیر حاضریوں پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت کرتے ہوئے جج سنکدر خان نے ایس ایچ او کوہسار کو آئندہ سماعت مبشر لقمان کو گرفتار کرکے 22جنوری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ وارننگ دی کہ اگر مبشر لقمان کے خلاف حکم پر عمل نہ کیا گیا تو ایس ایچ او کے خلاف کارروائی ہوگی۔ واضح رہے اس سےقبل بھی مبشر لقمان سیاستدانوں کے ساتھ الجھتے رہے ہیں۔ تلخ کلامی پر فواد چودھری نے ایک تقریب میں پر مبشر لقمان کو تھپڑ مار دیا تھا ۔

جہانگیر ترین، اسحاق خاکورانی اور فواد چوہدری آپس میں بات کر رہے تھےکہ ٹی وی اینکرمبشر لقمان کے آتے ہی وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ان سے جھگڑا ہو گیا۔ مذکورہ ٹی وی اینکر نے حریم شاہ سے متعلق ان پر الزام لگایا تھا۔ فواد چوہدری نے ٹی وی اینکر کو تھپڑمارا جس سے وہ آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔ تقریب میں موجود شخصیات نے بیچ بچاؤ کرایا۔ یاد رہے کہ فواد چوہدری نے اس سے قبل فیصل آباد میں ایک ٹی وی اینکر کو تھپڑ مارا تھا۔