تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں انتھیسیا اور سرجن کی جلد تعیناتی کردی جائے گی کمشنر راولپنڈی ڈویژن

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 22 جنوری 2020 19:01

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں انتھیسیا اور سرجن کی جلد تعیناتی ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں انتھیسیا اور سرجن کی جلد تعیناتی کردی جائے گی کمشنر راولپنڈی ڈویژن ،تفصیلات کے مطابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن (ر)محمد محمود نے آج سوہاوہ میں ٹی ایچ کیو اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا تفصیلی دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ گرلز اور بوائز ڈگری کالجز کا بھی دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر ہر ماہ ہفتے میں دو دن مختلف تحصیلوں کا دورہ کرکے عوام کے مسائل حل کیے جائینگے کیونکہ عوام کے مسائل حل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی نسبت وسائل کی کمی ہے جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں لیکن حکومت پنجاب عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں وسائل دینے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں جسے ہم پورا کرینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجودت تھے۔انہوں نے کہاکہ ریسکیو بلڈنگ فنڈز کی عدم دستیابی پر نامکمل ہے جس کے لیے جلد فنڈز جاری کرکے اسے مکمل کرکے عوام کو ریلیف دیا جائیگا جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ میں پہلے بہت بہتری آئی ہے جبکہ اس میں تمام سہولیات فراہم کرکے مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ کے ہمراہ آر ایچ سی دینہ کے علاوہ روہتاس کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ دینہ میں ریسکیو 1122 کے نئی عمارت کا بھی تفصیلی دورہ کیا جس کی بارے میں ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے جہلم دریا کے کنارے تعمیر ہونیوالے حفاظتی بند کا بھی دورہ کیا اور اس کو خوبصورت بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم کو ہدایات دیں۔