پاکستان کو چین سے پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے انتظامیہ نے اقدامات شروع کردئیے

جمعرات 23 جنوری 2020 16:06

پاکستان کو چین سے پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے انتظامیہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) پاکستان کو چین سے پھیلنے والے پراسرار کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ نے اقدامات شروع کردئیے۔کورونا وائرس کا مرکز چینی شہر ووہان ہے جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا۔ اب تک اس وائرس سے تقریباً 300 چینی شہری متاثر ہوئے ہیں جب کہ 17 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ وائرس کے امریکا تک پہنچنے کی بھی تصدیق ہوگئی جہاں امریکی شہری میں وائرس پایا گیا ،پاکستان کی انتظامیہ نے اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات شروع کردئیے ہیں جس کے تحت ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں لاہور ائیرپورٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن کاؤنٹر بنایا گیا ہے جہاں چین سے آنے والے مسافروں کا چیک اپ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق دیگر ممالک کی براستہ چین آنے والی پروازوں کے مسافروں کا بھی معائنہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے، اس وائرس کا تعلق سارس سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے۔

ووہان انتظامیہ کے مطابق اس وباء کے پھیلاؤ کا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔دوسری جانب تھائی لینڈ اور جاپان میں بھی اس پٴْراسرار وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے ہیں اور دونوں ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل ہونے سے قبل دونوں شخص ووہان آئے تھے۔