برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ مسلح افواج کوجاتا ہے، وزیر خارجہ

امریکی صدر سے بھی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کی درخواست کی ہے، امید ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیاء بھی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 جنوری 2020 19:53

برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ مسلح افواج کوجاتا ہے، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 جنوری 2020ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ مسلح افواج کو جاتا ہے، امریکی صدر سے بھی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کی درخواست کی ہے، امید ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیاء بھی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی بڑی پیشرفت ہے۔

میری برطانوی وزیرخارجہ سے بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی، ہم نے امریکی صدر سے بھی ٹریول ایڈوائزری کے حوالے سے بات کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے۔ حکومت اور عوام سفری شرائط میں نرمی پر برطانوی حکومت کے ممنون ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیاء کے ساتھ بھی سیاحت کے شعبے میں فروغ کیلئے بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ تینوں ممالک سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔

وزیراعظم نے محمد بن سلیمان سے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر معاملے کا جائزہ لیا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ واضح رہے برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی ہے، برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی۔

برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان کے شمالی علاقوں کا بذریعہ سڑک سفر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ خوشی ہے کہ برطانوی شہری پاکستان کو مزید بہتر طریقے سے دیکھ سکتے ہیں، اور قدرتی مناظرسے لطف اندوز بھی ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی میں بہتری پاکستان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث سفری ہدایات میں ترمیم کی گئی۔ برطانوی ایئرویز کی بحالی اور برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان بہترین سکیورٹی کا نتیجہ ہے۔