اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے لیے باعثِ عزتِ افتخار ہے‘پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر

نسلِ نو کو علمی اور فکری انداز سے ملی اور قومی سطح پر تیار کرنے کے لیے اساتذہ کو اہم کردار ادا کرنا چاہیے‘پروفیسر ڈاکٹر سید محمد قمر علی

جمعہ 24 جنوری 2020 23:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) پنجاب یونیورسٹی پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کہا ہے کہ اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی کے لیے باعثِ عزتِ و افتخار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے قیام کو ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے پر شیرانی ہال میں منعقدہ محفل قرات و نعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید محمد قمر علی،سابق پرنسپل و ڈین ڈاکٹر ظہور احمد اظہر، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ رواں برس اورینٹل کالج کوڈیڑھ سو سال مکمل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ برصغیر (پاک و ہند) میں علم و ادب کا قدیم ترین ادارہ ہے اور پاکستان کی ثقافتی ، فکری اور تاریخی میراث اور وراثت میں اس کا بہت بڑا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی جنوبی ایشیا میں چوتھی سب سے قدیم یونیورسٹی ہے، اس وضاحت کے ساتھ کہ اس سے پہلے کلکتہ ، مدراس اور بمبئی میں تین یونیورسٹیاں ہیں۔ چوتھی پاکستان کی پنجاب یونیورسٹی ہے۔ لیکن فرق یہ تھا کہ وہ تینوں یونیورسٹیاں جو پنجاب یونیورسٹی سے پہلے معرضِ وجود میں آئیں ان کا کام صرف اپنے ساتھ وابستہ کالجز اور سکولوں کے طلبہ کا امتحان لینا تھاجب کہ پنجاب یونیورسٹی ان یونیورسٹیوں میں ہے جس نے جنوبی ایشیا کے اس ریجن میں امتحان کے ساتھ ساتھ تدریس اور تحقیق کا کام اپنے ذمے لیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے یہ جنوبی ایشیا کی پہلی قدیم اور عظیم یونیورسٹی ہے اور ہمارے لیے یہی کافی ہے کہ ہم اس کے ساتھ وابستہ ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر سید قمر علی زیدی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے قیام کو ڈیڑھ سو سال مکمل ہو گئے ہیںجو برصغیر کے قدیم ترین علمی اداروں میں سے ایک ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سو سال میں یہاں سے کئی نابغہٴ روزگار پیدا ہوئے اور علم کی ترویج میں اہم کرداراداکیا۔

انہوں نے کہاکہ نسلِ نو کو علمی اور فکری انداز سے ملی اور قومی سطح پر تیار کرنے کے لیے اساتذہ کو اہم کر کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبائو طالبات کے لیے یہ پیغام کہ انھوں نے امانتِ علمی اور مادری کو کس طرح اپنی ذات میں سمونا ہے اور کس طرح سے آنے والی نسلوں کو منتقل کرنا ہے تو اس حسین تذکرے کے لیے ہم اس طرح کی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔

قرأت و محفل نعت اس سلسلے کی پہلی بابرکت تقریب ہے ۔ سابق پرنسپل و ڈین اورینٹل کالج ، ڈاکٹر ظہور احمد اظہر نے اورینٹل کالج کی انتظامیہ کو ڈیڑھ سو سال مکمل ہونے پر محفل قرأت و نعت کی تقریب کا اہتمام کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ایسا کام کرنا چاہیے جس کی کوئی تاریخ اور مستقبل ہو۔ انھوں نے پرنسپل اورینٹل کالج سے درخواست کی کہ اورینٹل کالج میگزین کی اشاعت کو بھی سو سال سے اوپر ہو گئے ہیں ۔ اس میگزین میں بڑے قیمتی مقالات شائع ہوئے ہیں۔ ان مقالات کو اپنے عنوانات اور موضوعات کے اعتبار سے الگ سے شائع کریں تو یہ بہت بڑا کام ہو گا۔اس بابرکت محفل میں شرکاء نے اپنے اپنے منفرد انداز اور لہجے میں قرأت اور نعت خوانی سے حاضرین مجلس کو محظوظ کیا۔