ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کا یاسمین لاری کے ساتھ شمس العلماء علامہ عمر بن محمد داؤد پوتہ لائبریری کا دورہ

جمعہ 24 جنوری 2020 23:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے نامور آرکیٹیکچر یاسمین لاری کے ساتھ شمس العلماء علامہ عمر بن محمد داؤد پوتہ لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اس موقع پر کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے لائبریری سے متصل موجود خالی پلاٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے یاسمین لاری کو کہا کہ مذکورہ لائبریری میں گنجائش سے زائد طالبعلم آنے کی وجہ سے طالبعلموں کو مطالعہ اور دیگر تدریسی سرگرمیوں کیلئے مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے میں مشکلات درپیش ہیں اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ لائبریری کے خالی پلاٹ کو مخیر حضرات کے تعاون سے مٹی ، چونے اور بانس سے مکلی میں تیار کردہ گھروں کی طرح عارضی عمارت فوری طور پر تعمیر کر کے طالبعلموں کومطالعہ کیلئے مناسب جگہ فراہم کی جائے جس پر یاسمین لاری نے کمشنر حیدرآباد کو یقین دلایا کہ جلد مذکورہ پلاٹ پر مٹی ، چونے اور بانس کی مدد سے بڑے کمرے تیار کر کے لائبریری کی انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذکورہ کام کو مکمل کرنے کیلئے پلاٹ کا تفصیلی نقشہ دیا جائے تاکہ کام جلد از جلد مکمل کیا جا سکے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد اصغر علی شاہ اور لائبریری کے افسران بھی موجود تھے۔