تیسرا ٹی ٹونٹی، بارش کے باعث میچ میں تاخیر کا امکان

پاکستان پہلے ہی سیریز میں کامیابی حاصل کرچکا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 جنوری 2020 13:31

تیسرا ٹی ٹونٹی، بارش کے باعث میچ میں تاخیر کا امکان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جنوری 2020ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہونےکا امکان ہے۔پاکستان اس وقت ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی درجہ بندی نویں ہے ، اگر بنگلہ دیش نے پاکستان سے تیسرا میچ جیت لیا تو پاکستان اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہو جائے گا اور اس کی جگہ آسٹریلیا پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ آخری میچ میں عماد وسیم کی جگہ عماد بٹ اور حارث رؤف کی جگہ عثمان قادر کو ڈیبیو کا موقع دے گی ۔ قومی ٹیم کی امیدوں کے محور کپتان بابر اعظم ، آل راؤنڈر شعیب ملک، احسان علی اور محمد حفیظ ہوں گے جبکہ باؤلنگ میں شاہین آفریدی ، حارث رؤف ، محمد حسنین اور شاداب خان پر بھروسہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی کپتان محمود اﷲ اور ہیڈ کوچ رسل ڈومینگوحالیہ سیریز میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، تجربہ کار فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمن گزشتہ دو میچوں میں69رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے ہیں تاہم امید کی جا رہی ہے کہ وہ آخری میچ میں ردھم میں آجائیں گے ۔

ٹیم مینجمنٹ لیٹن داس ، مہدی حسن ، عفیف حسین اور سومیا سرکار کی پرفارمنس پر بھی فکر مند ہے ۔ ذرائع کے مطابق قذافی سٹیڈیم کی وکٹ پر تیزی کے ساتھ رنز بنانے میں مشکل آرہی ہے اور امکان ہے کہ آج بھی شائقین کو زیادہ ٹوٹل دیکھنے کو نہیں ملے گا ۔بنگلہ دیشی ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو کا کہنا ہے کہ ان وکٹوں پر ہمارے نوجوان بیٹسمینوں کیلئے کھیلنا آسان نہیں، دونوں مرتبہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ سمجھتے تھے کہ اگراچھا ٹوٹل بناسکے تو میزبان بیٹسمینوں کو چیلنج دے سکیں گے مگروکٹیں اچھی نہیں اور تھوڑی اوسط درجے کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ تجربے سے سبق سیکھ کر تیسرا میچ جیتتے ہوئے سیریز کے اچھے اختتام کی کوشش کریںگے۔