ن لیگ کے 50 اراکین اسمبلی نے تحریک انصاف سے رابطہ کر لیا

حمزہ شہباز اپنا پنجرہ، کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی غلطی نہ کریں، ورنہ سارے پرندے اڑ جائیں گے، جب چاہیں ایوان کے اندر فارورڈ بلاک بنا سکتے ہیں: فیاض الحسن چوہان

muhammad ali محمد علی منگل 28 جنوری 2020 19:03

ن لیگ کے 50 اراکین اسمبلی نے تحریک انصاف سے رابطہ کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے 50 اراکین اسمبلی نے تحریک انصاف سے رابطہ کر لیا، حمزہ شہباز اپنا پنجرہ، کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی غلطی نہ کریں، ورنہ سارے پرندے اڑ جائیں گے، جب چاہیں ایوان کے اندر فارورڈ بلاک بنا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے 50 اراکین اسمبلی تحریک انصاف سے رابطوں میں ہیں اور ہم کسی بھی وقت اسمبلی میں فارورڈ بلاک بنا سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا۔ حکومتی اراکین اسمبلی کہہ چکے ہیں ہم پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے صاحبزادے پر تنقید کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز اپنا پنجرہ، کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی غلطی نہ کریں، ورنہ سارے پرندے اڑ جائیں گے۔ اپوزیشن کے لیڈر تو اپنی پلیٹیں ٹھیک کرانے چلے گئے لیکن ویلج آفیسرز کو پیچھے چھوڑ گئے جن کی سیاسی بقا صرف شور مچانے میں ہے۔

اپوزیشن ارکان ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو بغیر پڑھے لڈیاں ڈالتے رہے۔ دو دن بعد ہنڈیا عین چوراہے میں پھوٹی تو انکو خبر ہوئی کہ یہ رپورٹ تو ان کے اپنے دور سے متعلق تھی۔ فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا ہے کہ ن لیگ کے آمرانہ، جابرانہ اور ظالمانہ رویوں کی وجہ سے ان کے آدھے سے زیادہ ارکان اسمبلی پی ٹی آئی سے مسلسل رابطے میں ہیں۔