افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے کی اطلاعات

امریکی حکام کو تباہ شدہ طیارے تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا، سی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز مار گرایا گیا تھا

muhammad ali محمد علی منگل 28 جنوری 2020 21:22

افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے کی اطلاعات
کابل (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جنوری۔2020ء) افغانستان میں امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے کی اطلاعات، امریکی حکام کو تباہ شدہ طیارے تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا، سی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز مار گرایا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان سے اطلاعات آ رہی ہیں کہ افغان طالبان نے امریکی عسکری طیارہ مار گرانے کے بعد اب امریکی فوجی ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ روز امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا طیارہ افغان طالبان کے زیر کنٹرول علاقے میں مار گرایا گیا تھا۔ چونکہ طیارے کا ملبہ افغان طالبان کے زیر کنٹرول علاقے میں موجود ہے، اس لیے امریکی فوجی حکام کو وہاں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ امریکی فوجی حکام نے منگل کے روز طیارے کے ملبے تک پہنچنے کی ایک کوشش کی جو ناکام رہی۔

(جاری ہے)

امریکی فوجی حکام نے بذریعہ ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ تک پہنچنے کی کوشش ہے اور افغان طالبان کا دعویٰ ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا گیا۔ تاہم امریکی حکام افغان طالبان کے دعوے کی تردید کر رہے ہیں۔ دوسری جانب افغان طالبان نے غزنی میں گرکر تباہ ہونے والے طیارے کے بارے میں دعوی کیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے متعدد اہلکار طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں ۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزنی کے ضلع دہ یاک میں ایک خصوصی امریکی طیارہ خفیہ مشن کے لیے اس علاقے میں تھا جو گر کر تباہ ہوا۔ طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے میں عملے کے تمام اہلکار اور متعدد سینئر امریکی سی آئی اے افسران ہلاک ہوئے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ روز افغان طالبان کے ایک گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے امریکا کا عسکری طیارہ مار گرایا جس میں اعلی امریکی عسکری حکام سوار تھے۔ طیارے میں 80 سے زائد افراد سوار تھے اور تمام کے تمام افراد اعلی عسکری عہدوں پر فائز تھے۔