چین نے صرف 10 دن میں ایک ہزار بستروں کا ہسپتال تعمیر کرلیا

6 لاکھ 45 ہزار اسکوائر فٹ پر پھیلے اس عارضی ہسپتال میں مریضوں کا داخلہ بھی شروع ہوگیا

جمعرات 6 فروری 2020 13:07

چین نے صرف 10 دن میں ایک ہزار بستروں کا ہسپتال تعمیر کرلیا
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2020ء) چین نے صرف 10 دن میں ایک ہزار بستروں کا ہسپتال تعمیر کر لیا، چین نے نئے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایمرجنسی ہسپتال کی تعمیر کا کام مکمل کیا اور اس کے لیے محض 10 دن لگے۔6 لاکھ 45 ہزار اسکوائر فٹ پر پھیلے اس عارضی ہسپتال میں مریضوں کا داخلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔یہ 2 منزلہ ہسپتال ہے جس میں ایک ہزار بستر، متعدد آئسولیشن وارڈز اور 30 آئی سی یو وارڈز ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ میں ہسپتالوں کی تعمیر میں مصروف رہنے والی انجنیئرنگ کمپنی این ٹی ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ ہارٹلے نے بتایاکہ پہلے عمارت کی بنیاد اور پھر انفراسٹرکچر جیسے اسٹیل فریم، عمارت اور دیگر کے برعکس پری فیبریکٹڈ یونٹس سے بنیاد اور عمارت کی تعمیر بیک وقت کرنے میں مدد ملتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے تیار عناصر کو لیگو بلاکس کی طرح کسی کارخانے میں تیار کیا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب زمین پر بنیاد بھرنے کا کام بھی بیک وقت ہوتا ہے۔